محرم الحرام میں حساس اضلاع کی فضائی نگرانی کی جائے گی
پشاور: محرم الحرام میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چاروں حساس ترین اضلاع کی فضائی نگرانی کے لئے وفاق کی جانب سے ہیلی کاپٹر کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ امن و امان کے باعث کارخانو مارکیٹ سے پشاور سٹی اور کینٹ تک موٹر سائیکل، سائیکل کے ذریعے سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی سفارشات کی گئی ہیں، کپڑے کی آڑ میں بارودی مواد اور دیگر تخریب کاری کے لئے محرم الحرام کے موقع پر کوئی بھی مواد قبائلی علاقہ جات یا کارخانو مارکیٹ سے سمگلنگ کے ذریعے پشاور منتقل کرنے کے خدشات ظاہر کئے گئے ہیں، جس پر فوری طور پرکارروائی کی سفارشات صوبائی حکومت کو ارسال کی گئی ہیں۔ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر پشاور، کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان اور پارا چنار کی فضائی نگرانی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے صوبائی حکومت کو وفاق ہیلی کاپٹر فراہم کرے گی، جبکہ صوبائی سطح پر بھی مانٹیرنگ سیل قائم کردیئے ہیں۔ ممکنہ طور پرکل سے پشاور، کوہاٹ، ہنگو سمیت صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دیا جائے گی۔