خیبر پختونخواہ
ڈی آئی خان، پولیس چیک پوسٹ پہ دہشتگردوں کا حملہ، جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک
ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں تینوں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کردیا تاہم پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ڈی پی او ڈی آئی خان کے مطابق مرنے والے دہشت گردوں کی شناخت وحید، مجید اور اقبال کے نام سے ہوئی ہے جس میں سے اقبال کے سر کی قیمت 30 لاکھ تھی جب کہ دہشت گرد فوج، پولیس اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ محرم الحرام کے دوران پولیس نے جگہ جگہ چیک پوسٹس اور ناکہ بندیاں کی ہوئی ہیں جبکہ سکیورٹی بھی ہائی الرٹ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دہشتگرد اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوئے۔