نواز شریف فوج و عدلیہ پر حملے کیلئے (ن) لیگ کو استعمال کررہے ہیں، عمران خان
پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبرپختون خوا میں ضم کیا جائے۔ پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ نواز شریف فوج اور سپریم کورٹ پر حملے کیلئے (ن) لیگ کو استعمال کررہے ہیں، منی لانڈرنگ کا جرم ثابت ہونے پر بیرون ملک ان کی اربوں روپے کی جائیدایں اور اثاثے منجمد ہوجائیں گے جنہیں وطن واپس لایا جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات میں اس وقت کوئی نظام نہیں، جنگ کی وجہ سے پرانا نظام ختم ہوگیا ہے، وزیرستان کے حالات خصوصا بہت زیادہ خراب ہیں جہاں عمارتیں نہیں اور آئی ڈی پیز کے سر چھپانے کے لیے پناہ گاہ میسر نہیں، لوگوں کے گھر مویشی تباہ ہوچکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کو خیبرپختون خوا میں ضم کیا جائے، صوبائی حکومت فاٹا کو لینے کے لیے تیار ہے، مجھے خطرہ ہے کہ فاٹا کو خیبرپختون خوا میں ضم کرنے کا موقع ضائع کیا جارہا ہے، وفاق اس سلسلے میں اقدامات نہیں کررہا۔
چیرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کے انضمام کا سلسلہ 2018 میں شروع کیا جائے تاکہ قبائلی نمائندے صوبائی اسملبی میں پہنچیں، 2004 کے قبائلی علاقوں کے ساتھ جو سلوک ہوا ان کی آواز سننے والا کوئی نہیں تھا، فاٹا کو ضم کرنے میں تاخیر سے کرپٹ مافیا کو فائدہ پہنچے گا۔