خیبر پختونخواہ

نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی میں ہماری مشاورت شامل نہیں، عمران خان

ڈی آئی خان: پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کی تعیناتی میں ہماری کوئی مشاورت شامل نہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے ایک ارب درخت لگائے، یہ جنگل موسمی حالات کنٹرول کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے، پاکستان میں گزشتہ 2 سال میں 2 ڈگری گرمی بڑھی، بارشیں کم ہوئیں، بلین ٹری سونامی منصوبے کو دنیا بھر میں مانا گیا، ہم سارے پاکستان کو ہرا بھرا کرنے کا پروگرام لائیں گے، پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا، چھانگا مانگا کی سیاست نواز شریف نے شروع کی، نواز شریف نے چھانگا مانگا میں سیاستدانوں کی بولیاں لگائیں جب کہ 2018 میں تمام صوبوں میں حکومت بنائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ انسان میں انسانیت ختم ہوجائے تو وہ جانور سے بھی نیچے چلاجاتا ہے، جانورتو اتنا کھاتا ہے جس سے اس کا پیٹ بھر جائے، انسان جب جانوربنتا ہے تو کھا کھا کربھی اس کاپیٹ نہیں بھرتا، انسان جتنا بڑا سوچتا ہے اتنا ہی نیچے گرتا ہے، کامیابی کا راز ہے کہ برے وقت سے گھبرائیں نہیں، برا وقت سوچنے کے لیے آتا ہے۔
چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان میں طاقتور اور کمزوروں کے لیے الگ الگ قانون ہے لیکن ہمیں سب کے لیے ایک ہی قانون بنان ہے تاکہ کسی طاقتور کو پکڑا جائے تو یہ نہ کہے کہ مجھے کیوں نکالا۔ آصف زرداری سینما کے ٹکٹ بلیک کرتے تھے لیکن آج ان کے پاس سندھ میں ایک لاکھ ایکڑ اراضی اور 19 شوگر ملیں ہیں۔ پیپلزپارٹی کیوں نیچے چلی گئی، اگر پیپلزپارٹی میں میرٹ ہوتی تو اعتزاز احسن اور بلاول میں کیا مقابلہ تھا، بینظیربھٹو کے بعد آصف زرداری نے ایک کاغذ دکھایا کہ میں اور بلاول پارٹی سربراہ ہیں۔ ہم بڑے ڈاکوؤں کو جیل میں ڈال کر دکھائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری اور نوازشریف ملے ہوئے ہیں، چیئرمین نیب کی تعیناتی میں ہماری کوئی مشاورت شامل نہیں، دونوں نے خود کو بچانے کیلیے فیصلہ کیا تھا کہ وہ چیرمین نیب خود لائیں گے، قوم نئے چیرمین نیب جاوید اقبال کی طرف دیکھ رہی ہے کیونکہ قمر زمان کی طرح بچانے کی کوشش کی گئی تو بڑا رد عمل آئےگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر یہودی ایجنٹ ہونے کا الزام لگایا جاتا ہے حالانکہ فضل الرحمان اور نواز شریف کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کی ضرورت نہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close