آصف زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہیں، عمران خان
پشاور: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری ملک کے سب سے بڑے ڈاکو اور بیماری ہیں۔ پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ معجزہ ہے کہ آصف زرداری جیسے لوگ بھی کرپشن اورکرپٹ لوگوں کی بات کررہے ہیں، وہ پاکستان کی سب سے بڑی بیماری ہیں اورسب سے بڑے ڈاکو ہیں۔ سابق صدر اور ان کی بہن فریال تالپور نے مجھ پر ایک ایک ارب روپے کا حرجانہ کیا ہوا ہے کیوں کہ میں ان کی عزت نہیں کرتا، میں صرف سچ بولتا ہوں اور بتارہا ہوں کہ اب میں سندھ میں جاؤں گا اور وہاں کے لوگوں کو خوف کی زنجیروں سے آزاد کراؤں گا اورآئندہ سندھ سمیت پورے ملک میں حکومت تحریک انصاف کی ہوگی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پورے ملک سے غریب لوگ بیرون ملک نوکری کے لئے جاتے ہیں کیوں کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے ہرسال 10 ارب ڈالر بیرون ملک جاتا ہے اور آصف زرداری اور نوازشریف جیسے لوگ ملک کا پیسہ چوری کرکے بیرون ملک لے جا کر وہاں جائیدادیں اور فیکٹریاں بناتے ہیں اور پھر یہی پاکستانی وہاں جاکر ان کے نوکر بنتے ہیں۔ یہ سارا پیسہ اگر پاکستان میں خرچ ہوتو یہاں فیکٹریاں و یونیورسٹیاں بنیں گی لیکن یہاں کا پیسہ جب باہر چلا جاتا ہے تو ہمیں ملک چلانے میں مشکل پیدا ہوتی ہے آئی ایم ایف سے قرضہ لینا پڑتا ہے اور ہماری عزت نہیں رہتی، کیوں کہ سب جانتے ہیں ہم بھیک مانگ کرگزارہ کرتے ہیں، اور پھر قرضوں کی قسطیں واپس کرنے کے لئے عوام پر ٹیکس کا بوجھ ڈال دیا جاتا ہے۔
چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نوازشریف ہرجلسے میں پوچھتے ہیں مجھے کیوں نکالا، خود ہی کہتے ہیں کہ مجھے اقامے کی وجہ سے نااہل قراردیا گیا جب کہ سچ یہ ہے کہ نوازشریف پاکستان کے 300 ارب روپے چوری کرکے بیرون ملک لے گئے اور اب اپنا پیسہ بچانے کے لئے ڈرامے کررہے ہیں، ملکی اداروں بالخصوص فوج کو بدنام کیاجارہا ہے کیوں کہ اگرانہیں سزا ہوگئی تو ان کا پیسہ ضبط کرکے پاکستان لایا جائے گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ آج ملک میں غربت اس لئے ہے کہ ہمارے اوپر ڈاکو بیٹھے ہوئے ہیں، شاہد خاقان عباسی جیسے شریف خاندان کے درباری اورڈیزل بیچنے والے حکمران بن گئے ہیں جب کہ بلوچستان میں محمود خان اچکزئی جیسے لوگ اور خیبرپختون خوا میں اسفندیار ولی جیسے رہنما پٹھانوں کے لیڈر بنے ہوئے ہیں، اچکزئی اورفضل الرحمان نے ہی پختون خوا پربڑا ظلم کیا اور فاٹا کا کے پی میں انضمام ہونے کی مخالفت کی۔ اب شاہد خاقان عباسی کی حکومت جاتی ہے تو جائے عوام جمہوریت اور اپنے حقوق کے لئے اسلام آباد کا رخ کرے گی۔