پختونوں کے درمیان انگریزوں کی کھینچی لکیر مٹا کر قبائلیوں کو حقوق دلائیں گے، اسفندیار ولی
پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کا فاٹا انضمام پر عجیب موقف ہے، کوئی خوش ہو یا ناخوش پختونوں کے درمیان انگریزوں کی کھینچی لکیر مٹا کر قبائلیوں کو حقوق دلائیں گے۔ پشاور کے علاقہ متنی میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران اسفندیار ولی خان نے کہا کہ ہم قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کیلئے کوششیں کریں گے، کیونکہ یہ وقت کی ایک اہم ضرورت ہے، فاٹا کے عوام کو ترقی اور تعلیم سے بہت دور رکھا گیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ قبائلیوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں۔ اس موقع پر اسفندیار ولی خان نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان میں پختون قوم ایک مُٹھی بن جائیں، وہ فاٹا کے حوالے سے بھی عجیب موقف رکھتے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ نے تحریک انصاف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کپتان کے آنے سے سیاست سے شرافت ختم ہوگئی ہے، پی ٹی آئی قائد حزب اختلاف کے انتخاب کیلئے ایم کیو ایم کی گود میں بیٹھ گئی ہے۔ ڈینگی کے حوالے سے اے این پی سربراہ نے کہا کہ ڈینگی سے لوگ مر رہے ہیں جبکہ کپتان سردیوں کا انتظار کر رہے ہیں۔