خیبر پختونخواہ

پاک افغان سرحد پہ 3 ڈرون حملوں میں 31 افراد ہلاک ہوئے

پشاور: پاک افغان سرحد پر تین امریکی ڈرون حملوں میں 31 افراد ہلاک ہوئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک افغان سرحدی علاقے میں 3 امریکی ڈرون حملوں میں 31 افراد ہلاک ہوگئے، حکام کے مطابق آج ہونے والے 2 ڈرون حملوں میں 11 ہلاک جب کہ کل رات گئے حملے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوئے۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والے تمام افراد عسکریت پسند تھے۔ پاکستانی قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے اعلیٰ انتظامی افسر بصیر خان وزیر نے بتایا کہ بغیر پائلٹ والے 4 طیاروں نے پیر کی شب 6 میزائل داغے جب کہ آج مزید دو حملوں میں 4 میزائل فائر کیے گئے، تینوں حملے سرحد پار افغان علاقے میں ہوئے جن میں طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بصیر خان وزیر کا کہنا تھا کہ پیر کی شب ہونے والے حملے میں 20 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر افغان طالبان تھے اور آج ہونے والے حملوں میں 11 افراد کی جانیں گئیں۔ طالبان ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پیر کو ہونے والے حملے میں حقانی نیٹ ورک کے 18 اور آج کے حملوں میں 6 افراد ہلاک ہوئے۔ افغان طالبان نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نشانہ بننے والے افراد کچے مکانات میں مقیم تھے اور ڈرون حملے میں تین مختلف گھروں کو نشانہ بنایا گیا تاہم کوئی بڑا رہنما اس وقت وہاں موجود نہ تھا۔ دیگر طالبان ذرائع نے بتایا کہ حملے میں دو اہم کمانڈر بھی مارے گئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close