پاکستان کو بگاڑنے والوں کو ووٹ کے پی والوں نے ہی دیا تھا : نواز شریف
پاکستان کو بگاڑنے والے اسے بگاڑ کر چلے گئے
مانسہرہ : کے پی کے والے بتائیں صوبے میں کیا کوئی تبدیلی آئی؟ کیا نیا پاکستان بن گیا؟
مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو بگاڑنے والے اسے بگاڑ کر چلے گئے اور اسے بگاڑنے والوں کو ووٹ کے پی والوں نے ہی دیا تھا کے پی کے والے بتائیں صوبے میں کیا کوئی تبدیلی آئی؟ کیا نیا پاکستان بن گیا؟
نواز شریف نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن میں فضل الرحمان میرے پاس آئے اور کہا کہ میرے پاس بھی ارکان اسمبلی بہت ہیں آپ اور ہماری حکومت مل کر کے پی میں حکومت بناسکتے ہیں اس پر میں ںے جواب دیا کہ عدد کے اعتبار سے پی ٹی آئی کی چند نشستیں ہم سے زیادہ ہیں اس لیے حکومت انہیں ہی بنانی چاہیے اور انہیں صوبے میں حکومت ملی مگر انہوں ںے اس صوبے کا برا حال کردیا۔
نواز شریف نے مانسہرہ والوں سے سوال کیا کہ جس کی یہاں دس سال حکومت رہی اس نے یہاں کیا کام کیا؟ کے پی کے والوں آپ لوگ بھی اس جھوٹے شخص کے جھانسے میں آگئے؟ ووٹ تو آپ نے دیا تھا اور حکومت اس کی یہاں پر تھی، میں وزیراعظم تھا لیکن یہاں وزیراعلیٰ کوئی اور تھا، کیا کے پی میں کوئی تبدیلی آئی؟
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو بگاڑنے والے اسے بگاڑ کر چلے گئے اور اسے بگاڑنے والوں کو ووٹ کے پی والوں نے ہی دیا تھا اب سے دوبارہ درست کرنا جان جوکھم کا کام ہے، آپ مجھے ووٹ دیں یا نہ دیں یہ بتائیں کیا کے پی میں کوئی تبدیلی آئی؟ کیا نیا پاکستان بنا؟
ان کا کہنا تھا کہ اگر پانچ ججز مجھے نہ نکلاتے تو یہاں ایئرپورٹ ہوتا، پچھلی حکومت نے سکھر سے آگے موٹر وے نہیں بنایا، باعزت ٹرانسپورٹ عوام کا ویسے ہی حق ہے ہم یہاں کالج، میڈیکل کالج اور یونیورسٹی بنائیں گے، مانسہرہ کی واٹر سپلائی کے لیے شوگران سے پانی لے کر آئیں گے، گیس، سبزی، پیٹرول سستا فراہم کریں گے، روزگار ملے گا،
ن لیگ کے قائد نے کہا کہ ہماری حکومت کی مدت پوری ہونے دی جاتی تو اگلی حکومت بھی ہماری ہی ہوتی، مانسہرہ کو اس صوبے کا سب سے بہترین شہر بننا چاہیے۔