ہائیکورٹ، اہلکاروں کی عدم ترقی، آئی جی کیخلاف کارروائی کا حکم
پشاور: پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس وقاراحمد سیٹھ اور جسٹس غضنفرعلی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے محکمہ پولیس کے 136 اسسٹنٹ سب انسپکٹروں کو سب انسپکٹر کی پوسٹ پر 5 دسمبر تک ترقی نہ دینے کی صورت میں آئی جی پی کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔ عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے یہ احکامات گزشتہ روز زرتاج انور ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست گزار محمد اسرار سمیت 136 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کی توہین عدالت کی درخواست پر جاری کئے۔ اس موقع پر عدالت کو بتایاگیا کہ انہوں نے رٹ دائرکی تھی کہ درخواست گزاروں کو سب انسپکٹر کی پوسٹ پر ترقی دی جائے اور 2015ء میں رٹ پٹیشن منظور کرلی گئی تھی، انہیں ترقی دینے کے احکامات جاری کئے گئے، لیکن تاحال ترقی نہیں دی گئی جو توہین عدالت کے زمرے میں آتاہے۔ اس موقع پر فاضل بنچ نے احکامات جاری کئے کہ آئی جی پی، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز اور ڈی آئی جی آپریشن 5 دسمبر تک عدالتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔