خیبر پختونخواہ

بمبینو سینما پہ ٹکٹیں بلیک کرنیوالا ملک کیسے چلا سکتا ہے، عمران خان

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری سب سے بڑی تباہی کا سبب یہ ہے کہ چھوٹا چور جیل میں جاتاہے اور بڑے ڈاکو کا وی آئی پی احتساب ہوتا ہے۔ دیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیر مین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر دیر کے لوگوں کا شکریہ اداکرتا ہوں، نیا پاکستان نوجوانوں کے لیے بنے گا، ہم اس ملک کو ایک عظیم قوم بنائیں گے، اللہ کی برکت کبھی اس قوم پر نہیں آتی جس میں ظلم اور ناانصافی ہوتی ہے، جس قوم میں عدل اور انصاف کا نظام ہوتا ہے وہاں اللہ کی برکت آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری سب سے بڑی تباہی کا سبب یہ ہے کہ چھوٹا چور جیل میں جاتاہے اور بڑے ڈاکو کو 40 گاڑیوں کا پروٹوکول ملتا ہے اور اس کا وی آئی پی احتساب ہوتا ہے، پاکستان کے جیلوں میں جو چور ہیں ان کی ساری چوری کی قیمت لگالو تو نواز شریف کے ایک لندن کے محل کے برابر بنے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ چھوٹے چوروں سے ملک کو نہیں صرف ایک گھر کونقصان ہوتاہے،وزیراعظم اور وزیر چوری کرکے پوری قوم کو غریب کردیتےہیں، زرداری اور نوازشریف نے قوم کا پیسہ چوری کیا، ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 20 ہزار روپیہ قرضہ چڑھ چکاہے، یہ ڈاکہ مار کر ملک سے پیسہ باہر لےگئے، منی لانڈرنگ سےقوم کو دگنا نقصان ہوتا ہے جب کہ قرضےکی قسط واپس کرنے کے لیےعوام پر ٹیکس لگایا جاتا ہے، موبائل فون پر ایک سو روپے میں 35 روپے ٹیکس لگتاہے، لوٹتا کوئی ہے اور پیسے قوم ادا کرتی ہے۔ چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے سرکاری اسکولوں کانظام تباہ کیاگیا، پیسے والے بچوں کے لیے انگلش میڈیم اور غریبوں کے لیے اردو میڈیم اسکول ہے جب کہ خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ بچہ پرائیویٹ اسکولوں سے سرکاری اسکولوں میں گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین راہداری منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لیے دعاگو ہوں، یہ منصوبہ دونوں ممالک کے عوام پر مثبت اثرات مرتب کرے گا، ملک سے غربت مٹانے کے لیے چین کی کاوشیں متاثر کن ہیں۔ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بےنظیر بھٹو اور آصف زرداری کے بعد بلاول بھٹو کو لاونچ کیا گیا، بلاول کو تو اردو بھی بولنی نہیں آتی جب کہ جس بچے نے زندگی میں ایک دن کی نوکری نہ کی ہو وہ کیسے ملک کی سربراہی کر سکتا ہے، دوسری طرف آصف زرداری بمبینو سینما کا ٹکٹ بلیک کیا کرتا تھا وہ ملک کیسے چلا سکتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close