سی پیک روٹ پر آباد مہاجرین کو افغانستان بھیجنے کا فیصلہ
ہزارہ: انتہائی اہمیت کے حامل منصوبے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ہزارہ ڈویژن سے گذرنے والی شاہراہ پر آباد افغان مہاجرین کیمپوں کو چینی باشندوں کیلئے خطرہ قرار دے کر دوسری جگہوں پر منتقل کرنے کا اُصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بارے میں ایک اہم اجلاس کمشنر ہزارہ ڈویژن کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیراری اور اچارین میں رہائش پذیر افغان مہاجرین کو رضاکارانہ طورپر دوبارہ افغانستان بھیجا جائے گا یا خاکی کیمپ منتقل کردیا جائے گا۔ اِس سلسلے میں اقوام متحدہ کے ادارے برائے آباد کاری مہاجرین ان لوگوں کو منتقل ہونے کے دوران سفری سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مانسہرہ کے علاقے قلندر آباد میں روزگار کرنے والے اور یہاں سے طورخم سفر کرنے والے افغان مہاجرین کی سخت چیکنگ کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس فیصلے پر عملدرآمد کیلئے ضلع مانسہرہ کے ایڈمنسٹریٹر نعیم شہزاد کو فوکل پرسن تعینات کردیا گیا ہے۔