حق نہ ملا تو وزیراعظم ہاؤس کے سامنے دھرنا دونگا، پرویز خٹک
نوشہرہ: وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہمارے صوبے کا حق نہیں دے رہی، ہمارے صوبے کے 36 ارب روپے وفاق نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ نوشہرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے سلسلے میں وزیراعظم سے بھی بات ہو چکی ہے اور مشترکہ مفادات کونسل میں بھی اس بات کو اٹھایا ہے۔ ہر سال اس میں ایک ارب روپے کا اضافہ ہوتا جارہا ہے، کوشش کروں گا کہ وفاق سے بات کرکے یہ رقم ہمیں ملے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی سے بھیک نہیں مانگ رہے، یہ ہمارا حق ہے، اگر ہمیں ہمارا حق نہیں دیا گیا تو میں مجبور ہوکر وزیراعظم کے دفتر کے سامنے دھرنا دوں گا اور اپنے صوبے کا حق لے کر رہوں گا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ حکمران پاکستان کی ترقی اور معاشی استحکام کا ڈھنڈورا پیٹتے ہیں، مگر ملک قرضے لے کر چلایا جارہا ہے۔ نااہل حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار پاکستان کی ترقی میں بنیادی رکاوٹ ہے۔ لالچ کی بھی کوئی حد ہوتی ہے، تمام ادارے تباہ کرکے اور قومی سلامتی کو داﺅ پر لگا کر بھی کرپٹ عناصر کی تسلی نہیں ہوئی۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے مزید کہا کہ نااہل وزیراعظم نواز شریف پوچھتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا گیا، حیرت ہے کہ انہیں ابھی تک سمجھ نہیں آئی کہ کھربوں کی لوٹ مار کی وجہ سے نکالے گئے ہیں۔