پارا چنار سے پشاور جانے والی کانوائی میں شامل مسافر گاڑیوں پر حملہ، 39 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق ہوگئے۔
جمعرات کو ضلع کرم میں لوئر کے علاقے اوچت میں کانوائی میں شامل مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق پارا چنار سے پشاور جانے والی کانوائی میں شامل مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑیوں پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔
گاڑیوں پر خود کار ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں خاتون سمیت 38 افراد شامل ہیں جب کہ متعد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
وزیر داخلہ کی مذمت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔