Featuredخیبر پختونخواہ

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا

اسلحہ برآمدگی کیس میں مسلسل عدم پیشی پر اسلام آباد کی مقامی عدالت نے علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کی۔ مقدمے کے تفتیشی افسر کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور الحسن بھی عدالت پیش نہ ہوئے۔

جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزم پیش ہوا اور نہ ہی وکیل آیا ۔ اسلام آباد پولیس کو حکم دیا کہ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔ مزید سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2024 کے دوران عدالت نے اس کیس میں علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کو 23 اکتوبر تک انھیں گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

نومبر 2024 کے دوران علی امین گنڈاپور کے وکیل نے کہا تھا کہ پشاور ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت میں توسیع کی ہے جس پر جج نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کے لیے پشاور ہائی کورٹ کا حکم نامہ طلب کیا تھا۔

یہ کیس 2016 کا ہے جب مسلم لیگ ن کے دورِ حکومت میں اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ کے قریب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کی گاڑی سے پانچ کلاشنکوف اسالٹ رائفلز، ایک پستول، چھ میگزین، ایک بلٹ پروف جیکٹ، شراب اور آنسو گیس کے تین گولے برآمد کیے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close