کے پی کے اور فاٹا کے عوام نے دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل دیا ہے ،قبائلی علاقوں میں نفرا سٹرکچر دوبارہ تعمیر کیا جائے گا:آرمی چیف
پشاور : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کے پی کے اور فاٹا کے عوام دہشت گردوں کےخلاف غیرمتزلزل عزم کےساتھ کھڑے ہیں ،صوبے کے عوام نے دہشت گردوں کو تنہا کردیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور ہیڈ کواٹرز پشاور میں خیبر پختونخوا ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ،ڈی جی آئی ایس آئی میجر جنرل رضوان اختر ،گورنر کے پی کے اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے شرکت کی ۔اجلاس میں وادی شوال میں جاری آپریشن ،کے پی کے میں انٹیلی جنس بنیادوں پرکارروائیوں اور عارضی بے گھرافراد کی واپسی اوربارڈرمینجمنٹ کاجائزہ لیاگیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے متعلقہ اداروں اوراسٹیک ہولڈرزکے مابین ہم آہنگی کوسراہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ کے پی کے اور فاٹا کے عوام نے دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل کر تنہا کر دیا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل ہے ۔ قبائلی علاقوں میں انفرا سٹرکچر دوبارہ تعمیر کیا جائے گا ۔