پی ٹی آئی کیلئے آج برا دن ۔ ایک جاں بحق، ایک کمال پر قربان
پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کےمشیر سورن سنگھ کو فائرنگ کر کے قتل کر دے گئے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین حالیہ دنوں میں بننے والی نئی جماعت پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شامل ہو گئے۔
پیربابا پولیس کے مطابق سورن سنگھ ضلع بونیر میں پیر بابا میں واقع اپنے گھر جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سورن کو سر اور آنکھوں پر گولیاں لگی ہیں۔واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔
جبکہ سید حفیظ الدین 2013 کے عام انتخابات میں حلقہ پی ایس -93 سے سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے اور آج انہوں نےمیڈیا سے گفتگو میں سندھ اسمبلی اور تحریک انصاف سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا۔
سید حفیظ الدین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف چھوڑنے کی وجہ یہ تھی کی بہت کوشش کے بعد کراچی میں پارٹی کو کھڑا کیا تھا، لیکن پارٹی نے اندرونی طور پر آواز اٹھانے کے باوجود کچھ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن حلقوں میں 50ہزار ووٹ لیے وہاں سے ضمنی الیکشن میں امیدوار بھاگ گئے جبکہ صوبائی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں ووٹ کم ہوتے گئے۔
پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کی وجہ بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے معاملات مصطفیٰ کمال بخوبی جانتے ہیں،اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کے مستقبل کی منصوبہ بندی پر انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی رہنمائی کرنی ہے جس میں حق کی فتح ہوگی۔