امیر مقام کا دورہ گرہ مٹ، متاثرہ شریفاں بی بی سے اظہار ہمدردی، عمران خان پہ تنقید
ڈیرہ اسماعیل خان : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر سابق وفاقی وزیر اور وزیر اعظم پاکستان کے مشیر امیر مقام خان نے سانحہ گرہ مٹ کو تحریک انصاف حکومت کی اہلی اور مرکزی ملزم کی تاحال عدم گرفتاری اور حکومتی شخصیات کی سرپرستی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا ان خیالات کااظہار انہوں نے گرہ مٹ میں متاثرہ بچی سے ملاقات کے موقع پر کیا پارٹی کے مرکزی رہنماء رحمت سلام خٹک۔ ایم پی اے ثوبیہ خان۔ صوبائی نائب صدر راجہ اختر علی ۔ضلعی صدر ریحان ملک روڈی خیل۔ چوہدری ریاض ایڈوکیٹ۔ سابق ایم پی اے فتح اللہ خان میاں خیل۔ وسیم خان محسود ایڈوکیٹ۔ ایف آر ٹانک کے صدر میر بادشاہ خان۔ سمیع اللہ برکی اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔ امیر مقام ۔ رحمت سلام خٹک۔ ثوبیہ خان نے ظلم کا شکار شریفاں بی بی اور اسکی والدہ کو چادر پہنائی اور دولاکھ روپے کی نقد رقم دی۔ انہوں نے کہا کہ مثالی صوبہ اور غیر سیاسی پولیس کا کارنامہ دیکھیں کہ ملزمان کی ایف آئی آر پہلے درج کی جاتی ہے اور مظلوم کی ایف آئی آر بعد میں درج کی گئی انہوں نے کہا کہ مرکزی ملزم کو زمین نگل گئی یا آسمان کھا گیا حقیقت یہی ہے کہ جیسے تحریک انصاف کے اپنے ایم این اے الزام لگارہے ہیں کہ تحریک انصاف کی قیادت ہی ملزمان سرپرستی کررہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ابھی تک مرکزی ملزم گرفتار نہیں کیا جارہا انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹروں میں گھومنے والا عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک تاحال مظلوم کی دادرسی کی بھی زحمت گوارا نہیں کررہے صوبائی وزیر مال سردار علی امین خان گنڈہ پور بھی اپنے ہی ایم این اے کے الزام کے بعد مذکورہ بچی کے گھر گئے انہوں نے کہا کہ گرہ مٹ میں ہونے والے ظلم پر پورا ملک لرز کررہ گیا مگر عمران خان اور پرویز خٹک کے کان پر اس ظلم پر جوں تک نہ رینگی۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم بچی کی دادرسی میں ہم اپنا کردار فرض سمجھ کر ادا کریں گے۔اس واقعہ کے بعد تحریک انصاف کو نام تبدیل کرنا چاہیئے انہوں نے کہا صوبہ میں جب بھی عوام پر ظلم ہوا عمران خان نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ایک ارب چودہ کروڑ درخت کہاں لگائے گئے ڈیرہ میں ہر طرف بنجر زمینیں نظر آرہی ہیں البتہ کروڑوں روپے خرد بعد ضرور ہوئے ہیں بعد ازاں پارٹی کے ضلعی صدر ریحان ملک روڈی خیل کی رہائش گاہ پر معززین علاقہ اور ورکروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ڈیرہ اسماعیل خان خان کے لیئے سابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے اعلان کردہ تمام منصوبوں کی تکمیل میں کوشاں ہے ہم ورکروں اور عوام کو مایوس نہیں کریں گے ہم عمران خان کی طرح گالی کی سیاست اور کسی کے اشارے پر چلنے کی سیاست نہیں کرتے یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں مسلم لیگ کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے۔ صوبہ میں تعلیم ہیلتھ عوامی سہولیات میں کسی قسم کی پیش رفت نہیں ہوئی قبل ازیں ضلعی صدر ریحان ملک روڈی خیل نے ضلع کے ورکروں کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا اور کہا کہ آپ کی بطور صوبائی صدر نامزدگی پر صوبہ بھر کے ورکروں میں امید کی نئی کرن پھوٹی اور وہ سابقہ محرومیوں کے خاتمہ کے حوالے سے پر امید بھی ہوئے ہیں انہوں نے ڈیرہ میں واپڈا اور گیس سے متعلق عوامی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیئے امیر مقام خان سے خصوصی احکامات جاری کرنے کی اپیل کی۔