خیبر پختونخواہ

ہم نے گالی کے بجائے شرافت کی سیاست کی ہے، شاہد خاقان عباسی

کوہاٹ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فاٹا کے معاملے کو سیاست کی نذر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہم سو سال سے زائد پرانے نظام کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔ کوہاٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) صرف باتیں نہیں کام بھی کرتی ہے، (ن) لیگ نے ساڑھے 4 سال میں جو کام کئے وہ 13 سال سے زیادہ ہیں، نواز شریف نے جو وعدے کئے وہ پورے کررہے ہیں، ہماری جماعت کے جلسے سے کبھی کسی کو نا تو گالی دی گئی اور نا ہی کسی کی برائی کی گئی۔ ہم نے گالی کے بجائے شرافت کی سیاست کی ہے۔ جب ہمیں حکومت ملی تو ملک میں ہرقسم کا انتشار تھا، 2013 سے پہلے دہشت گردی اور انتہاپسندی عروج پر تھی لیکن ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دہشت گردی کو قابو پایا جس کی بدولت آج پورا پاکستان محفوظ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ پاکستان اور عوام کو جوڑنے کی بات کی، ہم نے کبھی سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لئے بھائیوں کو توڑا نہیں ہے، اس لیے 15 جولائی 2018 کو انتخابات ہوں گے توعوام فیصلہ کریں گے اور ہم کارکردگی کی بنیاد پر عوام کی عدالت میں جائیں گے اور ایک بار پھر عوام کا اعتماد حاصل کریں گے۔
فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ فاٹا کے معاملے کو سیاست کی نذر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہم ایک سو سال سے زائد پرانے نظام کو ختم کرنے جا رہے ہیں اور فاٹا کے انضمام کا سہرا بھی مسلم لیگ (ن) کے حصے میں آئے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close