خیبر پختونخواہ

گورنر خیبر پختونخوا کی نااہلی کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

پشاور: دو عہدے رکھنے پر گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا کی نااہلی کیلئے پشاور ہائی کورٹ میں رٹ درخواست دائر کردی گئی ہے۔ رٹ پشاور کے سینئر وکیل محمد خورشید ایڈوکیٹ نے دائر کی ہے، جس میں گورنر خیبر پختونخوا، پرسنل سیکرٹری ٹو گورنر اور وفاقی حکومت کے سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کو فریق بنایا گیا ہے۔ رٹ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اقبال ظفر جھگڑا بطور گونر خیبر پختونخوا اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ انہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مرکزی سیکرٹری جنرل بھی منتخب کیا گیا ہے۔ آئینی طور پر ایک حکومتی اہلکار بیک وقت اپنے پاس دو عہدے نہیں رکھ سکتا۔ اس لئے گورنر خیبر پختونخوا کا دو عہدے رکھنا آئینی طور پر درست نہیں ہے۔ ایڈوکیٹ خورشید خان نے اپنی رٹ درخواست میں 10 اگست 2011ء کو سابق صدر زرداری سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے ایک فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس وقت آصف علی زرداری صدر پاکستان تھے جن کے پاس پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا عہدہ بھی تھا، جس پر لاہور ہائی کورٹ نے سابق صدر زرداری کو ایک عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا تھا، لہٰذا گونر خیبر پختونخوا کو اس غیر آئینی اقدام پر نااہل کیا جائے۔ رٹ پر ہائی کورٹ کے دورکنی بنچ کی سماعت جلد متوقع ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close