خیبر پختونخواہ

حیات آباد چیک پوسٹ پر شدت پسندوں کا حملہ ناکام

پشاور: پشاور میں خیبر ایجنسی کے سرحدی علاقے حیات آباد فیز 1 میں فرنٹیر کانسٹیبلری (ایف سی) نے چیک پوسٹ پر شدت پسندوں کا حملہ پسپا کردیا۔ خودکار ہتھیاروں اور دستی بموں سے لیس دہشت گردوں نے ایف سی کی چیک پوسٹ نمبر 7 پر حملہ کیا تاہم جوانوں کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ملزمان فاٹا کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق حملہ گذشتہ شب رات گئے خیبر ایجنسی کے علاقہ شاہ کس نہر غاڑہ مستل خیل سے کیا گیا، جہاں سے شدت پسندوں نے ایس ایم جی سے ایف سی کے پکٹ پر فائرنگ کی اور دستی بم بھی پھینکے۔ اطلاع ملنے پر پولیس، محسود سکاؤٹس اور خاصہ دار اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، بھرپور اور بروقت جوابی کارروائی سے ملزمان بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق پھینکے گئے گرینیڈ چوکی تک نہ پہنچ سکے جس کیوجہ سے آبادی کو بھی نقصان نہیں پہنچا۔ علاقہ میں بعد ازاں سرچ آپریشن بھی کیا گیا تاہم کسی قسم کی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ جس مقام سے دہشت گردوں نے حملہ کیا وہ منشیات کی خرید و فروخت کیلئے بدنام ہے اور یہاں پر متعدد منشیات فرخت کرنے کی دکانیں موجود ہیں جس کے خلاف مقامی انتظامیہ نے کئی بار کریک ڈاؤن کیا اور متعدد دکانوں کو بھی مسمار کیا تاہم مذکورہ نہر کے اوپر ان دکانداروں نے چھوٹے پل بنا رکھے ہیں جس کے ذریعے منشیات خریدنے والوں کی ان تک رسائی آسانی سے ہوجاتی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close