پشاور میں مسلح افراد کی فائرنگ، دو پولیس اہلکار ہلاک
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے ایک واقعے میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی صبح تھانہ یکہ توت کے علاقے رشید گڑھی میں پیش آیا۔
تھانہ یکہ توت کی پولیس کے اہلکار شاہد کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے دونوں افراد پولیس اہلکار تھے۔
اہلکار کے مطابق ان دونوں افراد پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ اپنی رہائش گاہ سے پولیس لائن جانے کے لیے نکلے۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ مرنے والے پولیس اہلکاروں میں سے ایک کا تعلق مردان اور دوسرے کا پشاور سے ہی تھا۔
حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ہلاک شدگان کی لاشوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام جائے وقوع پر پہنچ گئے اور حملہ آوروں کی تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پشاور میں ماضی میں پولیس اہلکاروں اور افسران پر حملوں کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں جن میں انھیں ہدف بنا کر قتل کیا گیاہے۔