خیبر پختونخواہ

اپنا اپنا مقدر ہے کوئی سڑک بنا رہا ہے اورکوئی سڑکوں پر آرہا ہے، وزیراعظم نوازشریف

مینگورہ: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ اپنا اپنا مقدر ہے کوئی سڑک بنا رہا ہے اورکوئی سڑکوں پر آرہا ہے جب کہ خیبرپختونخوا کے عوام 2013 کی غلطی پر پچھتا رہے ہیں کیوں کہ انہیں جس تبدیلی کا خواب دکھایا گیا وہ اب تک نہیں آئی ۔

مینگورہ میں جلسے عام سے خطاب کرتے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام 2013 کی غلطی پر آج پچھتا رہے ہیں کیوں کہ انہیں جس تبدیلی کا خواب دکھایا گیا وہ اب تک نہیں آئی، یہاں وہی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، اسپتال اور اسکول موجود ہیں، مجھے تو یہاں کوئی تبدیلی نہیں نظر آئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر 2013 میں عوام کسی جھانسے میں نہ آتے تو واقعی یہاں تبدیلی آجاتی اور آج کے جلسے سے محسوس ہورہا ہے کہ عوام بھی اب اپنی غلطی پر پچھتارہے ہیں لیکن فکر نہ کریں ہم پنجاب اور بلوچستان کی طرح دیگر صوبوں میں بھی وہی تبدیلی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنے اپنے مقدر کی بات ہے کہ کوئی سڑکیں بنا رہا ہے اور کوئی سڑکوں پر آرہا ہے لیکن ہم سڑکیں بناتے رہیں گے اور یہ سڑکوں پر آتے رہیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو مینگورہ میں اسپتال بنانے پر مبارک باد دینا چاہتا ہوں یہ اسپتال پنجاب کی طرف سے عوام کے لیے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کی بات الیکشن میں ہوگی لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے یہاں آتے ہوئے بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی ایسے ہی جاری رہی تو ہم نہ صرف اگلی بار سوات سے بلکہ پشاور سے بھی الیکشن جیت جائیں گے، لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ 2018 میں کیوں ہم نے تو پشاور میں حالیہ ضمنی انتخاب میں جیت کر یہ بات ثابت بھی کردی۔

وزیراعظم نے سوات میں موٹروے اور ایکسپریس وے سمیت مختلف منصوبوں کا اعلان کیا جن میں خواتین یونیورسٹی کیمپس، نوجوانوں کے لیے ٹیکنکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ، گرڈ اسٹیشن، ہاکی گروانڈ کے لیے آسٹروٹرف شامل ہیں جب کہ انہوں نے سیدو شریف کے ایئرپورٹ کو دوبارہ فعال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بار پھر 2018 کو بجلی بحران کے خاتمے کا سال قراردیا ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close