سوات میں ویلیج کمیٹی کے چئیرمین کو قتل کر دیا گیا
باڑا بانڈی میں ویلیج کمیٹی کے چئیرمیں محمد خان کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سوات کے علاقے باڑا بانڈی میں ویلیج کمیٹی کے چئیرمین اور علاقے کی معروف شخصیت محمد خان آج نا معلوم اسلحہ برداروں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے تھے،جنہیں فوری طبی امداد دینے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا،جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
ہسپتال انتظامیہ نے اُن کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے،ضروری کاروائی کی انجام دہی کے بعد میت اہلِ خانہ کے حوالے کردی۔
افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقہ کا گھیراؤ کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا،جاری آپریشن کے نتیجے میں تاحال کسی گرفتاری کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
مقتول چئیرمین ویلیج کمیٹی محمد خان کے اہلِ خانہ کے مطابق وہ علاقہ کی معروف شخصیت تھے،اُن کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی،تاہم گذشتہ کئی ماہ سے انہیں شدت پسندوں کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا تھا۔