سراج الحق مولانا فضل الرحمٰن کے دھوکے میں نہ آئیں اور اسکے کسی بھی اتحاد کا حصہ نہ بنیں، پرویز خٹک
نوشہرہ: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق مولانا فضل الرحمٰن کے دھوکے میں نہ آئیں اور اس کے کسی بھی اتحاد کا حصہ نہ بنیں، ورنہ ان کو بھی لوگ شک کی نگاہ سے دیکھیں گے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے ہر حکومت میں شامل ہوکر ہمیشہ اپنے مفادات کی سیاست کی، اسلام کے نام پر حکومت بنانے والے فضل الرحمٰن اپنے دور حکومت میں دین کی کوئی خدمت نہ کرسکے مگر آج پی ٹی آئی کے اسلام دوست اقدامات پر تنقید کرتے ہیں اور انہیں بیرونی سازش قرار دیتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کے علاقے اضاخیل پایان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلٰی پرویز خٹک نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اس لئے سازش کی ڈگ ڈگی بجا رہے ہیں کیونکہ اُن کی اپنی دُکانداری ختم ہونے جارہی ہے۔ سیاسی جماعتوں کو چاہیئے کہ وہ فضل الرحمٰن کی سازش سے خود کو دور رکھیں اور اُس کا اتحادی بن کر خود کو خراب نہ کریں۔