خیبر پختونخواہ
مشال خان قتل کیس کا فیصلہ محفوظ
مشال خان قتل کیس کی سماعت سینٹرل جیل ہری پور میں مکمل ہوگئی عدالت نے مقدمے کا فیصلہ محفوظ کرلیا جو 7 فروری کو سنایا جائے گا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق مشال خان قتل کیس کی سماعت سینٹرل جیل ہری پور میں مکمل ہوگئی جس میں آج تمام ملزمان کے وکلاء کے دلائل مکمل ہوگئے۔ عدالت نے مقدمے کا فیصلہ محفوظ کرلیا جو 7 فروری کو سینٹرل جیل ہری پور میں ہی سنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ مشال خان قتل کیس میں 50 گواہان نے بیانات قلم بند کرائے ہیں، کل 61 ملزمان میں سے 58 ملزمان گرفتار اور 3 مفرور ہیں جب کہ تمام ملزمان کی درخواست ضمانت کی اپیلیں بھی مسترد ہوچکی ہیں۔ واضح رہے کہ 14 اپریل کو مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں مشتعل طلبا کے ہجوم نے طالب علم مشال خان پر توہین مذہب کا الزام لگا کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔