مسلم لیگ (ن) نے سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے پشاور میں پنڈال سجالیا
پشاور: سابق وزیراعظم نواز شریف پشاور جلسے میں شرکت کیلئے جاتی امرا سے روانہ ہوگئے ہیں، مریم نواز اور دیگر لیگی رہنما بھی نواز شریف کے ہمراہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے پشاور جائیں گے۔ اس موقع پر نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی ہمراہ ہیں جبکہ پرویز رشید، خواجہ آصف، آصف کرمانی، رانا مقبول، سلمان اکرم راجہ، اعظم نذیر بھی نوازشریف کے ساتھ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف پشاور میں جلسے سے خطاب کے بعد آج ہی واپس لاہور پہنچ جائیں گے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے خیبر پختونخوا کے صدر مقام میں پنڈال سجا لیا ہے۔ پشاور میں ناردرن بائی پاس ٹول پلازہ کے قریب جلسے کیلئے مسلم لیگ (ن) نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور جلسہ گاہ کے اندر اور باہر بڑے بڑے پینافلیکس بھی آویزاں کردیئے ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ نواز شریف 3 بجے جلسہ گاہ پہنچے گے اور کارکنان سے خطاب کریں گے۔ جلسہ انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شرکاء کے بیٹھنے کیلئے پنڈال میں 50 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں اور مرکزی قائدین کیلئے 50 فٹ چوڑا اور 12 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ جلسے کی سکیورٹی کیلئے 1 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں اور جلسہ گاہ کے اطراف ایلیٹ فورس کے جوان اور بم ڈسپوزل یونٹ کا عملہ بھی موجود رہے گا، جب کہ لیڈیز پولیس بھی سکیورٹی پر تعینات ہے۔