انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں
پشاور: گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا اور وزیراعلٰی پرویز خٹک نے وطن عزیز کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کریں کہ وہ کشمیری عوام کے مسلمہ حق خود اختیاری کے حصول اور بھارتی قبضے سے نجات کیلئے ان کے دیرینہ خواب کی عملی تعبیر کے ضمن میں ہرممکن مدد کرنے کے سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں گورنر خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ ہمارے لئے اپنی تاریخ کے اس نازک مرحلے میں باہمی اتحاد و ہم آھنگی کا برقرار رکھنا بھی بذات خود کشمیری بھائیوں کیلئے تقویت کا باعث ہوگا۔ میں اپنے عوام کو یہ احساس بھی دلانا چاہتا ہوں کہ وہ اس حوالے سے بھی حقائق کا اداراک کریں۔ گونر نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جو گذشتہ 70 برس سے آزادی کے حصول کی جدوجہد میں سرگرم عمل ہیں، 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر مناتے ہیں۔ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے بھرپور حامی ہونے کی بنا پر ہم بحیثیت پاکستانی قوم نہ صرف بے مثال قربانیاں پیش کررہے ہیں بلکہ اندرون اور بیرون ملک ہر فورم پر کشمیری بھائیوں کے مسلمہ موقف کی اخلاقی وسفارتی حمایت و مدد بھی کررہے ہیں۔
وزیراعلٰی پرویز خٹک نے اپنے بیان میں کہا کہ نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم بنیادی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ اس مسئلے کو امن اور حقوق کے علمبردار بین الاقوامی اداروں کو سنجیدگی سے لینا چاہیئے۔ پرویز خٹک نے واضح کیا کہ پاکستان اور کشمیریوں کے دینی اور ثقافتی رشتے صدیوں پرانے ہیں، ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ہم بحیثیت قوم کشمیریوں کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، ہم مظلوم کشمیریوں پر بھارت کے بڑھتے ہوئے ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ آج کشمیری اپنے آزدی کے پیدائشی حق کیلئے پوری دنیا میں سراپا احتجاج ہیں اور عالمی برادری کا ضمیر جھنجوڑ رہے ہیں کہ وہ نہتے عوام پر ظلم و ستم کے خاتمے اور آزادی کی اس تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں عملاً کردار ادا کرے۔