باجوڑ ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 خودکش بمبار ہلاک
پشاور: باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند میں سکیورٹی فورسز نے تباہی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ تبادلے میں 2 خودکش بمباروں کو مار دیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق گذشتہ دنوں باجوڑ ایجنسی میں 4 خودکش حملہ آوروں کے داخلے کی اطلاعات موصول ہوئی تھی جس کے بعد حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کے خاکے بھی جاری کردیئے تھے، جنہیں مختلف مقامات اور بازاروں میں آویزاں کیا گیا تھا۔
انتظامیہ کے مطابق اسی سلسلے میں سکیورٹی فورسز نے گذشتہ شب تقریباً 2 بجے کے قریب تحصیل ماموند کے علاقہ گٹکی میں سرچ آپریشن کے دوران ایجنسی ہیڈ کواٹر خار کے طرف جانے والے 2 مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم انہوں نے رکنے کی بجائے فورسز پر فائرنگ کردی جس سے اہلکار محفوظ رہے، تاہم اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے نے خود کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔
مپولیٹیکل انتظامیہ نے مزید بتایا کہ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، دستی بم اور دیگر آلات بھی برآمد ہوئے۔ دوسری جانب واقعے کے بعد فورسز نے ایجنسی میں سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت اور سرچ آپریشن کا دائرہ کار مزید بڑھا دیا ہے، جبکہ مارے جانے والے دہشت گردوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر خار ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔