نقیب اللہ محسود کے قاتلوں سے مفاہمت، والد نے حیرت انگیز اعلان کردیا۔۔۔۔
ڈی آئی خان: کراچی پولیس کے ہاتھوں جعلی مقابلے میں قتل کئے جانے والے نقیب اللہ محسود کے والد نے ملزم راؤ انوار سے دیت لینے کی خبروں کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ ڈیرہ اسمعیل خان کے ایک نجی ہوٹل میں دیگر قبائلی عمائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد خان محسود نے مطالبہ کیا کہ میڈیا من گھڑت خبریں دینے سے باز رہے کیونکہ ان میں کوئی صداقت ہے نہ ہی وہ نقیب کے سر کا سودا کرنے کا سوچ سکتے ہیں۔ نقیب اللہ کے والد اور قبائلی عمائدین نے اس موقع پر سپریم کورٹ سے انصاف ملنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نقیب کسی ایک خاندان کا نہیں بلکہ پورے قبیلے کا بیٹا تھا۔ انہوں نے راؤ انوار کی بابت سابق صدر زرداری کے بیان کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ملزم ملک کے اندر ہے یا باہر ہر حال میں گرفتار ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ نقیب اللہ محسود قتل کیس کے حوالے سے 19 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں دو ترجمان مقرر کئے گئے ہیں جو میڈیا کو کیس بارے بیان دینے کے مجاز ہوں گے، جبکہ دیگر سپریم کورٹ اسلام آباد اور عدالت عظمی کے کراچی بنچ میں زیرسماعت کیس کی نگرانی کریں گے۔