خیبر پختونخوا اسمبلی، شام میں خون خرابہ رکوانے کیلئے قرار داد منظور
پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی نے شام میں خون خرابہ رکوانے کے حوالے سے قرار داد منظور کرلی۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایم پی اے آمنہ سردار نے شام میں قتل عام رکوانے کے لئے قرار داد پیش کی۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت وفاق سے سفارش کرے کہ وہ شام میں خونی جنگ رکوانے کے لیے کردار ادا کرے جو بعد ازاں متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ واضح رہے کہ شام میں شامی اور روسی افواج ایک ہفتے سے بمباری اور گولہ باری کررہی ہیں جس کے نتیجے میں وہاں 127 بچوں سمیت 500 سے زیادہ شہری جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔ جب کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام میں 30 روزہ جنگ بندی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے شامی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امدادی اور طبی سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچانے کی اجازت دی جائے۔