خیبر پختونخواہ

خیبرپختونخوا اسمبلی میں ارکان کے کوٹ اتروانے پر ہنگامہ آرائی

پشاور: خیبر پختون خوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے دوران ارکان کے کوٹ اتروانے پر تلخ کلامی اور ہنگامہ آرائی ہوگئی۔ خیبرپختون خوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات میں الیکشن کمیشن نے ارکان اسمبلی کو کوٹ اتار کر ووٹ ڈالنے کا حکم دیا ہے جب کہ پولنگ کے دوران اراکین اسمبلی کی تلاشی بھی لی جارہی ہے۔ اس پر پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی الیکشن کمیشن کے عملے کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی۔ اسپیکر اسمبلی نے کوٹ پہن کر ووٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اپوزیشن ارکان اسمبلی نے اس پر شور شرابا کیا۔ ریٹرننگ افسر (آر او) نے ضیااللہ آفریدی اور نگہت اورکزئی کے اعتراض کرنے پر اسپیکر سے کوٹ اتاروادیا۔

کوٹ اتارنے کے معاملے پر کچھ ہی دیر بعد اسمبلی میں دوبارہ ہنگامہ آرائی ہوئی جب نگہت اورکزئی اور تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الٰہی کے مابین جھڑپ ہوگئی۔ نگہت اورکزئی نے کوٹ نہ اتارنے پر اعتراض کیا تو فضل الٰہی غصے میں آگئے اور بولے روک سکتے ہو تو روک لو کوٹ نہیں اتاروں گا لیکن الیکشن عملے کے کہنے پر فضل الہی کو کوٹ اتارنا پڑا جس کے بعد انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت ملی۔

کے پی اسمبلی میں صوبائی وزیر مشتاق غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تمام جماعتوں سے تعاون کی اپیل کی، انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی تمام تر قواعد و ضوابط پورے کررہے ہیں، سینیٹ انتخابات پرامن طریقے سے ہوں گے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن، اے این پی اور جماعت اسلامی مل کر سینیٹ الیکشن لڑ رہے ہیں، ہم نے میرٹ پر امیدواروں کو ٹکٹ دیے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close