مثالی پولیس کا ایک اور کارنامہ، عاصمہ رانی کے قاتل کو بیرون ملک جاکر گرفتار کرلیا
کوہاٹ میں رشتہ سے انکار پر میڈیکل کی طالبہ کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم مجاہد آفریدی شارجہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود کا کہنا ہے کہ انٹرپول نے ملزم مجاہد کو شارجہ کے صنعتی علاقے سے گرفتار کیا ہے جبکہ ملزم کو دستاویزی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ صلاح الدین محسود کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس ملزم کی گرفتاری کیلئے شارجہ پولیس کے ساتھ 3 سے 4 ہفتوں سے رابطے میں تھی اور ملزم کو پاکستان لانے میں وقت لگ سکتا ہے۔ دوسری جانب مجاہد آفریدی کے خاندان نے بھی ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ خیال رہے کہ رشتہ سے انکار پر 28 جنوری کو ملزم مجاہد آفریدی نے عاصمہ رانی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس سے وہ جاں بحق ہوگئی تھیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا سے رپورٹ بھی طلب کی تھی۔ بعدازاں عدالت، میڈیا اور عوامی دباؤ پر پولیس نے کیس میں نامزد دو ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے سعودی انٹرپول کے ساتھ رابطہ کیا گیا تھا۔