نیب نے خیبرپختونخوا میں سرکاری حکام کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی منظوری دیدی
پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے خیبرپختونخوا میں سرکاری حکام کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی منظوری دے دی۔پشاور میں نیب خیبرپختونخوا کے ریجنل بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کی منظوری دے دی گئی۔ نیب نے ڈائریکٹریٹ آف ہیلتھ سروسز فاٹا کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات کا حکم دیا۔ ملزمان پر اولیو فصلیٹیٹو کی مد میں کروڑوں روپے کی خرد برد کا الزم ہے۔نیب ریجنل بورڈ نے کنمٹونمنٹ بورڈ پشاور کے سینئر انجینئر کے خلاف بھی آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں تحقیقات کی منظوری دے دی۔ ملزم پر پاکستان اور بیرون ملک غیر قانونی اثاثوں سے خریدی گئی رہائشی جائیدادوں کی ملکیت کا الزام بھی عائد ہے۔قومی احتساب بیورو نے محکمہ مال مالاکنڈ کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف بھی کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال کی تحقیقات کا حکم دیا۔ نیب ریجنل بورڈ میں فاٹا سیکرٹریٹ کے ملازمین کے خلاف بھی بدعنوانی اور فنڈز میں خرد برد کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔