آصف زرداری نے کس کے کہنے پہ آزاد سینیٹر کو چیئرمین سینیٹ بنایا، مولانا عطاء الرحمن نے بڑا انکشاف کردیا
جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری ایجنسیوں کے کہنے پر آزاد سینیٹر کو چیئرمین سینیٹ بنا سکتے ہیں، تو ان کے کہنے پر جھوٹ بھی بول سکتے ہیں۔ جمعیت نے مسلم لیگ (ن) کے نامزد کردہ امیدوار کو ووٹ دیئے۔ ایجنسیوں کے کہنے پر اپوزیشن امیدواروں کو ووٹ نہ دینے پر ہمارے خلاف پروپیگنڈا کرکے ہمیں سزاء دی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماء سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر نے قائد جمعیت کی ہدایت پر راجہ ظفر الحق اور محمود خان اچکزئی کے ووٹ نہ مانگنے کے باوجود ان کے نامزد کردہ امیدوار کو ووٹ دیا۔ اگر پیپلز پارٹی کا دعویٰ ہے کہ جے یو آئی (ف) نے اپوزیشن اتحاد کے امیدوار کو ووٹ دیا ہے تو تحقیق کریں کہ گیارہ اضافی ووٹ کس نے دیئے۔؟ جمعیت علماء اسلام (ف) کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور جمعیت کا مورال کم اور کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ۔ایسے پروپیگنڈے کو جمعیت اپنے جوتے کی نوک پر رکھتی ہے۔ ووٹ وصول کرنے اور ووٹ نہ دینے والوں کی تحقیقات کرانی جانی چاہیئے۔ جمعیت کا کارکن پارٹی فیصلوں سے انحراف نہیں کرتا۔ جمعیت نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا۔ گذشتہ دور میں جمعیت پیپلز پارٹی کے ساتھ رہی، اس وقت کسی نے الزام نہیں لگایا۔