خیبر پختونخواہ

لنڈی کوتل سرحد پر افغان فورسز کی ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ

لنڈی کوتل میں پاک افغان سرحد پر رات گئے افغان فورسز نے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاکستانی فورسز نے بھرپورجواب دیا۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کا صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر کشیدہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، دونوں ممالک کے حکام سے رابطے میں ہیں اور دباؤ کم کرنے کے لئے پاکستان اور افغان کی حکومتوں پر مسلسل زور دے رہے ہیں۔

جان کربی کا کہنا تھا کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان رچرڈ اولسن نے اسلام آباد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی امورپر بات چیت کی گئی جب کہ کابل کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر بھی بات ہوئی۔ اس کے علاوہ رچرڈ اولسن نے کابل میں افغان صدر اور اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔

واضح رہے کہ لنڈی کوتل پر واقع پاک افغان سرحد پر گزشتہ 3 روز سے حالات کشیدہ ہیں جب کہ سرحد پر افغان فورسز کی فائرنگ سے سیکیورٹی فورسز کے 10 اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہیں۔ اس کے علاوہ افغان فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کے میجر علی جواد شہید بھی ہوئے جن کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close