ڈی آئی خان، روایتی ثقافتی میلہ اسپان سج گیا، شہر کی رونقیں دوبالا
ڈیرہ اسماعیل خان کا روایتی میلہ اسپان و مویشاں کا باقائدہ افتتاح گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کے رتہ کلاچی سٹیڈیم میں ہوا، جس کے بعد تین روزہ اس میلے میں شامل مختلف ثقافتی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ تحصیل حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ہونیوالے اس میلے کا افتتاح سٹی ایم پی اے علی امین خان گنڈہ پور اور کمشنر ڈیرہ عبدالغفور نے کیا۔ افتتاح کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان کے مخصوص اور منفرد ثقافتی سرگرمیوں، جن میں نیزہ بازی، گھڑ رقص، بیل گاڑیوں اور گدھا گاڑیوں کی دوڑ، دودہ کبڈی، کشتیاں اور کتا دوڑ وغیرہ شامل ہیں،کا سلسلہ شروع ہوا۔ نیزہ بازی کے مقابلوں کے لئے پاکستان بھر سے ڈیڑھ سو ہارس کلبوں کے تقریبا بارہ سو گھوڑے اس مرتبہ ڈیرہ اسماعیل خان کے اس میلہ میں شرکت کر رہے ہیں جن کا تعلق ملک کے مختلف شہروں سے بتایا جاتا ہے۔ نیزہ بازی کے لئے اس کثیر تعداد میں شرکت کرنے والے ان معروف و مشہور ہارس کلبوں کے درمیان ہونے والے مقابلے گزشتہ جمعرات ہی سے شروع کروا دئیے گئے تھے جبکہ گزشتہ روز بھی نیزہ بازی کا یہ سلسلہ جاری و ساری رہا۔ اس سال میلہ اسپان میں کوئٹہ سے آنے والے منفرد کھلاڑی بھی شامل ہیں جو جسمانی کرتب کرتے ہوئے اہلیان ڈیرہ کو اپنے فن سے محظوظ کرتے رہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی میلہ اسپان دیکھنے والے شائقین کی ایک بڑی تعداد رتہ کلاچی میں موجود پائی جا رہی ہے جس میں متواتر اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سخت سکیورٹی میں منعقد کئے جانے والے سالانہ میلہ اسپان میں نا صرف ڈیرہ اسماعیل خان بلکہ قرب و جوار کے اضلاع سے آنے والے شائقین کی بھی ایک بڑی تعداد ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ چکی ہے جو نا صرف میلہ اسپان میں اپنی دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں بلکہ شہر کے بازاروں اور دریا کنارے کھانے پینے کے سٹالوں کی جانب بھی راغب ہو رہے جس کی وجہ سے ڈیرہ اسماعیل خان میں کاروبار پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔