ایم ایم اے کی سیاست اسلام کیلئے نہیں، اسلام آباد کیلئے ہے، پرویز خٹک
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کی سیاست اسلام کیلئے نہیں اسلام آباد کیلئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ زرداری اور نواز شریف نے ملک کو لوٹا، ہم نے صوبے میں تعلیم اور صحت کے نظام کو ٹھیک کیا۔ وزیراعلٰی کے پی نے کہا کہ اے این پی کا دور ایزی لوڈ کا دور تھا، نوکریاں بکتی تھیں، کرپشن عروج پر تھی، ہمارے دور میں 4 ہزار ڈاکٹرز بھرتی کئے گئے، پولیس میں سیاسی مداخلت بند کی گئی۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ آج ملک قرضوں کے سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، عمران خان جیسے ایماندار لیڈر کے آنے سے ہی انصاف کا نظام آئے گا۔ جلسے سے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے 5 سال میں اسلام کیلئے کچھ نہیں کر سکی، کے پی حکومت نے ناظرہ اور ترجمہ کو نصاب میں شامل کیا، پی ٹی آئی کی حکومت نے آئمہ کرام کا وظیفہ مقر ر کیا۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ فضل الرحمٰن خود سرکاری مراعات لے رہے ہیں، (ن) لیگ نے 60 سال میں صوابی کیلئے کچھ نہیں کیا، ہمارے صوبے کا پانی لے کر پاور ہاؤس پنجاب میں بنا دیا گیا، اے این پی نے ہمیشہ پختونوں کا استحصال کیا، ان سے خیر کی امید نہیں۔