پشاور، مصروف ہوٹل میں دھماکہ، 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
جی ٹی روڈ پر بلال ٹاؤن کی سڑک پر واقع نجی ہوٹل میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق گئے۔ پشاورکے جی ٹی روڈ پر بلال ٹاؤن کی سڑک کے کنارے واقع نجی ہوٹل کی چوتھی منزل پر زوردار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ہوٹل کے کمرہ نمبر 408 میں موجود ایک ہی خاندان کے 4 افراد بری طرح جھلس کرجاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور دو بچے شامل ہیں جب کہ برابر والے کمرے میں موجود 3 افراد بھی شدید زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو نے فوری طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے سے ہوٹل کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹے جو کہ نیچے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں پر آ گرے اور جزوی طور پرچند گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ دھماکے کے بعد ہوٹل میں لگی آگ بھڑک اٹھی اور فوراً ریسکیو کو اطلاع دی گئی جس کے بعد ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ہوٹل میں لگی آگ پر قابو پا لیا۔علاوہ ازیں ہوٹل میں ٹھہرے باقی مسافروں کو ریسکیو 1122 نے باحفاظت نکال لیا ہے جب کہ پولیس، فائربریگیڈ، ریسکیو اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوعہ پر موجود ہیں جو کہ دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگا رہے ہیں کہ آیا دھماکا گیس سلنڈر کا تھا، شارٹ سرکٹ کا تھا یا بارودی مواد سے کیا گیا۔