نگران وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کی تقرری کا معاملہ الیکشن کمیشن کو ارسال
حکومت اور اپوزیشن کے بعد پارلیمانی کمیٹی میں بھی خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلٰی کا فیصلہ نہ ہو سکا، جس کے بعد یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو ارسال کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلٰی پرویز خٹک اور اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمٰن کے مابین ملاقاتوں کی طرح خیبر پختونخوا اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بھی بے نتیجہ ختم ثابت ہوا، جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی کے ارکان نے خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلٰی کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیج دیا۔ پارلیمانی کمیٹی میں شامل جے یو آئی (ف) کے ارکان سلیم مروت اور محمود بیٹنی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نگران وزیراعلٰی کے نام پر اتفاق رائے کی کوشش کی گئی، تاہم کامیابی نہ ہوئی جس پر معاملہ اتفاق رائے سے الیکشن کمیشن کو بھیج دیا ہے۔ واضح رہے کہ نگران وزیراعلٰی کیلئے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان خیبر ایجنسی کے ایک صنعتکار گھرانے سے تعلق رکھنے والے منظور آفریدی کے نام پر اتفاق رائے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جس پر سوشل میڈیا کے علاوہ اپوزیشن سمیت مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔ اسی تنقید کے نتیجے میں بعدازاں عمران خان نے منظور آفریدی کے نام کو مسترد کرتے ہوئے نئے نام پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔