عمران خان کا کے پی کے میں بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے اورصوابدیدی فنڈز ختم کرنے کا اعلان
اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اب صوبائی فنانس کمیشن بنادیا گیا جس سے فنڈز ہر ڈسٹرکٹ میں نچلی سطح تک جائیں گے جس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہوگی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نمائندوں کو مکمل طور پر بااختیار بنا رہے ہیں، ویلیج کونسل میں اب تک پاور نیچے تک نہیں پہنچی لیکن آئندہ کوئی ترقیاتی فنڈز ایم پی ایز کے پاس نہیں جائیں گے بلکہ تمام فنڈز براہ راست بلدیات میں جائیں گے، اس سلسلے میں بلدیاتی نمائندوں کو 33 ارب روپے کا پیکج دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پہلے سے بھی زیادہ طاقتور احتساب کمیشن منظور کرنے جارہے ہیں۔
وزیراعلی ہاؤس پشاور کو بڑے ٹیکس دہندگان کے حوالے کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبے کے بڑے ٹیکس دہندگان اور سرمایہ کاروں کو وزیراعلی ہاؤس میں قیام کرنے کا اختیار ہوگا، ماضی میں بھرتیوں کے لیے پیسے لیے جاتے تھے لیکن اب گریڈ 5 سے اوپر تمام سرکاری ملازمتوں کے لئے این ٹی ایس ٹیسٹ دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی بننے لگی ہے جوکہ بیوروکریسی اتھارٹی کاکام کرے گی جب کہ گلیات اتھارٹی میں چیف منسٹرہاؤس نتھیاگلی اور سارے ریسٹ ہاؤسز اس اتھارٹی کے نیچے چلے جائیں گے اور ریسٹ ہاوسز جو پیسا کمائیں گے وہ علاقے کی ترقی پر خرچ ہوگا۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں نے کہا تھا کہ 90 دن میں بڑی کرپشن ختم کریں گے اور اب پلڈاٹ کی رپورٹ ہے کہ خیبرپختونخوا میں 3 سال قبل سب سے زیادہ کرپشن تھی اور اب صوبے میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم کرپشن ہے جب کہ گزشتہ 3 سال میں کوئی بڑا کرپشن کا کیس سامنے نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں میں محکمہ جاتی کرپشن کی نشاندہی کرنے والے کو ریکور ہونے والی رقم سے 25 فی صد انعام ملے گا اوراس کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی، پرویز خٹک کی حکومت نے پولیس کو غیر سیاسی کیا، آئی جی خیبرپختونخوا سے پوچھیں وہاں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہے، ہم وہ کام کرنے جارہے ہیں جو پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوئے، خیبرپختون خوا میں اسکولوں میں سب سے زیادہ پیسا خرچ ہورہا ہے۔