غصہ یا جہالت، بچوں کی لڑائی میں بڑے کود پڑے، خاتوں سمیت 4 افراد جاں بحق، 2 زخمی
چارسدہ کے علاقہ ترنگزئی سکول کورونہ میں بچوں کی لڑائی کے نتیجے میں فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ تھانہ عمرزئی پولیس کے مطابق مقتول جاوید خان کے بیٹے محمد شہاب نے رپورٹ درج کراتے ہوئے کہا کہ ان کے اور پڑوسیوں کے بچوں کے درمیان نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہاتھا پائی ہوئی جس میں ان کے بچے کو زخمی کر دیا گیا۔ ہم لوگ ملزمان کے گھر بطور شکایت گئے، اس دوران بات تو تکرار کے بعد ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ شہاب کا کہنا ہے کہ جھگڑا ختم کرنے کیلئے فوری طور پر ان کے دوسرے پڑوسی بھی موقع پر پہنچ گئے، اسی دوران ملزمان عامر ولد اشرف اور ولایت ولد پرویز سکنہ سکول کورونہ ترنگزئی نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں انکا والد جاوید خان اور بہن سمیت 2 پڑوسی عابد علی اور فرید خان گولیوں کی ضد میں آ کر موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ انکا بھائی سلیمان اور عجب خان زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد مقتولین اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں پر مقتولین کی پوسٹ مارٹم کے بعد گھر اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچا دیا گیا جو وہاں تاحال زیرِعلاج ہیں۔ تھانہ عمرزئی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزمان فوری طور پر موقع سے فرار ہوگئے جن کے خلاف دفعہ 302,324/34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔