یہ ٹوٹی کمر والے دہشتگرد، کھڑے کیسے ہوگئے، مولانا فضل الرحمن
متحدہ مجلس عمل کے صدر و جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آ گئی تو ملک میں اسلام نہیں رہے گا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑی گئی جنگ کے باوجود امن وامان کی خطرناک صورتحال ان اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، بتایا جائے جن کی کمر توڑ دی وہ کیوں اٹھ گئے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں ہماری جماعت کے تین کارکنان کو قتل کیا گیا، بلور خاندان کے خوبصورت نفیس نوجوان کو مارا گیا جب کہ مستونگ میں خودکش دھماکا اور اکرم درانی پر حملہ ہوا، ان سب کا کیا مقصد ہے ہم نے دھمکیوں کے باوجود الیکشن مہم نہیں روکی، جب کہ پولنگ کے دن بھی خطرہ محسوس کر رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایم ایم اے کا مقابلہ مذہب کی مداخلت کو ختم کرنے والوں کے خلاف ہے اگر تحریک انصاف کی حکومت آ گئی تو ملک میں اسلام نہیں رہے گا، متحدہ مجلس عمل میں اتحاد ہے جب کہ دیگر جماعتوں میں ٹکٹوں کی تقسیم پر مسئلہ بنا، مینڈیٹ ملنے کے بعد اتحاد کا فیصلہ کیا جائے گا۔