پشاور: بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کا چوری شدہ 2 کروڑ مالیت کا سامان گوداموں سے برآمد
پشاور: پولیس نے پشاور کے مختلف گوداموں سے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے (بی آر ٹی پی) کے چوری ہونے والے 2 کروڑ سے زائد مالیت کے سامان کو برآمد کرلیا، جس میں فولڈنگ پائپ، سریا اور جنگلے شامل ہیں۔
کیپٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) پشاور قاضی جمیل نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہرکے مختلف گوداموں پر چھاپے مار کر 2 کروڑ روپے کا سامان برآمد کیا گیا ہے جبکہ چوری میں ملوث ملزم باسط کو بھی گرفتار کیا گیا۔
سی سی پی او نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ملزم باسط نے پولیس کو اُن گوداموں کی نشاندہی کی، جہاں چوری کیا گیا سامان رکھا گیا تھا جبکہ اُن 3 افراد کے نام بھی بتائے جنہیں یہ سامان فروخت کیا گیا تھا۔
جس کے بعد پولیس نے ان گوداموں میں چھاپے مارے اور چوری کیا گیا سامان برآمد کرلیا۔
گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ سامان خریدنے والے تینوں افراد کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق منصوبے کا 2 کروڑ روپے مالیت کا سامان چوری ہوا، جبکہ بی آر ٹی پی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 45 کروڑ روپےمالیت کا سامان چوری کیا گیا ہے، جس میں فولڈنگ پائپ، سریا اور جنگلے شامل ہیں۔
کنسٹرکشن کمپنی کے حکام کے مطابق انہیں سامان کی چوری پر پریشانی ہے جبکہ ابھی منصوبہ زیرِ تکمیل ہے۔
بی آر ٹی منصوبے کی نگرانی کرنے والے پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اسرار الحق نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ انہیں تعمیراتی سامان کی چوری پر تحفظات ہیں۔
تاہم انہوں نے بتایا کہ اس کا نقصان خیبرپختونخوا حکومت کو نہیں ہوگا، بلکہ منصوبے پر کام کرنے والی تعمیراتی کمپنی یہ نقصان اٹھائے گی۔
واضح رہے کہ بی آر ٹی منصوبے کی لاگت 67 ارب روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔