پشاور، اے این پی رہنما قاتلانہ حملے میں جاں بحق
پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ابرار خلیل قاتلانہ حملے میں بھانجے سمیت جاں بحق ہوگئے ہیں۔ یہ افسوس ناک واقعہ آج اسوقت پیش آیا کہ جب اے این پی کے مقامی رہنما پشاور کے علاقے تہکال میں ایک جنازے میں شرکت کیلئے گئے تھے کہ کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائر نگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ابرار خلیل بھانجے سمیت موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ مقتول رہنما حالیہ انتخابات میں اے این پی کی طرف سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار تھے۔ مقتولین کی میتیں مردہ خانے سے گھر منتقل کر دی گئی ہیں۔ مقامی پولیس کی جانب سے واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرکے تفتیش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ ٹارگٹ کلنگ کا معاملہ لگتا ہے، تاہم ابھی تک حملہ آوروں کی شناخت اور اس حملے کے پیچھے محرکات کے بارے یقین سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ واضح رہے کہ حالیہ انتخابات سے قبل اے این پی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر ہارون بلور بھی ایک کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملے میں شہید ہو گئے تھے، حملے میں ان کے ساتھ 12 افراد بھی شہید ہوئے تھے۔