سکول میں بم دھماکہ، دو بچے شدید زخمی
حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پاک افغان سرحدی علاقے میں پیش آیا ہےواقعہ شیرنگل سب ڈویژن کے علاقے ڈوگ درہ کے قصبے شاہ کس میں اس وقت پیش آیا جب بچے سکول کے اندر اسمبلی میں مصروف تھے کہ صحن میں موجود دستی بم دھماکے سے پھٹ گیا۔
پولیس اہلکار کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں میں دوسری جماعت کا طالب علم اسماعیل جبکہ کلاس کے جی کا طالب علم امین الحق شامل ہیں جنھیں قریبی ہسپتال منتقل کیاگیا ہے۔
دھماکے کے بعد سکول کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دیر بالا کی پولیس کا کہنا ہے کہ سکولوں کو حفاظتی انتظامات کے حوالے سے پہلے ہی ہدایات جاری کی گئی تھیں جس میں دیواروں کی اونچائی، خاردار تاروں کی تنصیب و دیگر اقدامات شامل ہیں۔
پولیس نے بم دھماکے کے حوالے سے تحقیقات شرع کر دی ہے اور اگر سکول انتظامیہ کو غفلت کا مرتکب پایا گیا تو ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس اس حوالے سے بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ دستی بم سکول کے اندر کیسے آیا۔
خیال رہے کہ دیر بالا میں شدت پسندوں کی جانب سے اس علاقے میں دراندازی اور تخریبی کارروائیوں کی واقعات ہوتے رہے ہیں جس میں املاک کی تباہی کے ساتھ ساتھ متعدد ہلا کتیں بھی ہو چکی ہیں۔