صوبہ ہزارہ تحریک کے قائد بابا حیدر زمان انتقال کرگئے
پشاور: تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد اور ہزارہ کے بزرگ سیاستدان بابا حیدر زمان طویل علالت کے بعد راولپنڈی کے نجی ہسپتال میں 84 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔ نماز جنازہ کل 2 بجے انکے آبائی گاوں دیوال منال میں ادا کی جائے گی۔ بابا حیدر زمان 1934ء میں ایبٹ آباد کے نواحی علاقے دیوال منال میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پہلا الیکشن 1962ء میں جبکہ آخری الیکشن 2013ء میں لڑا، ماضی میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت، ضلع ناظم ایبٹ آباد اور ایک دفعہ چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل ایبٹ آباد رہ چکے ہیں۔
2010ء میں جب صوبہ سرحد کا نام تبدیل کر کے خیبر پختونخوا رکھا گیا تو بابا حیدر زمان کی سربراہی میں ہزارہ کے تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدان ایک چھتری تلے اکٹھے ہوئے اور ہزارہ کو الگ صوبہ بنانے کیلیئے تحریک صوبہ ہزارہ کا بھرپور انداز میں آغاز کیا گیا۔ اس احتجاج کے دوران 7 شہریوں کی شہادت کے بعد بابا حیدر زمان کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الا قوامی میڈیا میں بھی بھرپور پزیرائی ملی۔ بابا حیدر زمان نے 1990ء اور 1993ء میں میاں نواز شریف کے مقابلے قومی اسمبلی کی نشست کیلیئے الیکشن بھی لڑا، 1977ء میں جمہوریت کی بحالی کی تحریک میں ایم آر ڈی تحریک میں نمایاں رہے اور گرفتار بھی ہوئے۔