خیبر پختونخواہ
پرویز خٹک کی پی آئی اے ملازمین کے دھرنے میں شرکت، ادارے کو فعال بنایا جائے: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک پی آئی اے ملازمین کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کیلئے پہنچ گئے ۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف ملازمین 10روز سے ہڑتال پر ہیں ، کراچی میں احتجاج کے دوران ملازمین کی ہلاکتوں کے بعد پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ملک بھر میں دھرنوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے بھی پشاور میں پی آئی اے ملازمین کے دھرنے میں شرکت کی ہے اور ملازمین سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ اس موقع پر پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ عمران خان کا پیغام دینے آیا ہوں کہ ہم ملازمین کے ساتھ ہیں، حکومت کیلئے پی آئی کی کارکردگی کو بہتر کرنا بڑا چیلنج تھا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پی آئی اے کو فعال اور بااختیار بنایا جائے اور وفاقی حکومت ملازمین کو دھمکیاں نہ دے۔