پولیس کی جانب سے مولانا سمیع الحق کی قبر کشائی کی درخواست اہل خانہ نے مسترد کر دی
مولانا سمیع الحق کے خاندان نے پوسٹ مارٹم کے لیے پولیس کی جانب سے قبر کشائی کی درخواست مسترد کر دی۔
اس سے پہلے راولپنڈی پولیس نے مولانا سمیع الحق کی قبرکشائی کے لیے باضابطہ درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ پوسٹ مارٹم کے لیے قبر کشائی ضروری ہے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی نے درخواست ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نوشہرہ کو ارسال کر دی ہے جب کہ قبر کشائی کے لیے سول جج محمد ولی مہمند کو جوڈیشل مجسٹریٹ مقرر کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے مولانا سمیع الحق کے ورثاء کو قبر کشائی کے لیے 20 نومبر کے سمن جاری کر دیئے ہیں۔
دوسری جانب مولانا عرفان الحق کا کہنا ہے کہ جے یو ائی (س) مولانا سمیع الحق کی قبر کشائی کی استدعا کو یکسر مسترد کری ہے۔مولانا عرفان الحق کے مطابق قبرکشائی غیر شرعی فعل ہے اور ہم مولانا سمیع الحق کی لاش کی بے حرمتی کا سوچ بھی نہیں سکتے، قانون میں پوسٹ مارٹم کرانے یا نہ کرانے کا اختیار ورثا کے پاس ہے۔