ہنگو: مسجد و امام بارگاہ کے باہر دھماکہ 25 افراد جانبحق، کئی زخمی
ہنگو: صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں دھماکے کے نتیجے میں 25 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا لوئر اورکزئی ایجنسی کے کلایا بازار میں امام بارگاہ کے قریب ہوا، جس میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کے مطابق دھماکے میں 25 افراد جاں بحق جبکہ 35 افراد زخمی بھی ہوئے اور اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
مقامی پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہوسکا تاہم دھماکے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے، جن میں بیشتر کی حالت تشویش ناک ہے اور اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔
دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ زخمیوں کو علاج کے لیے کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ادھر خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں صوبے میں پرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے تمام ہسپتالوں میں ہائی الرٹ کا حکم دیتے ہوئے زخمیوں کو بہتری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں ’بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا غیر انسانی عمل ہے‘۔
خیال رہے کہ ضلع اورکزئی میں ہونے والا دھماکا ایک روز کے دوران ملک میں ہونے والی دہشت گردی کی دوسری بڑی کارروائی ہے۔
اس سے قبل جمعہ کی صبح کراچی کے علاقے کلفٹن میں دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔
اس حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید، 2 راہ گیر جاں بحق جبکہ سیکیورٹی اداروں کی جوابی کارروائی میں تنیوں حملہ آور ہلاک کردیئے گئے تھے۔