حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے انتھک اقدامات کررہی ہے، پرویز خٹک
نوشہرہ: وزیردفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں سے بدعنوانی اور رشوت ستانی جیسی سماجی برائیوں کا خاتمہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیردفاع پرویز خٹک نے نوشہرہ کے ہسپتال میں انتہائی نگہداشت اور امراض قلب کے یونٹس کا افتتاح کیا۔ پرویز خٹک نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف فضول معاملات کے پروپیگنڈے کے ذریعے واویلا کر رہی ہے جبکہ حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے انتھک اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ قوم کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف کو دیئے گئے مینڈیٹ کا احترام کرے۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات متعارف کرانے کیلئے قانون سازی بھی شروع کردی ہے۔ پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ قوم جلد حکومت کی فلاح وبہبود پرمبنی پالیسیوں کے ثمرات سے مستفید ہوگی۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر کچھ لے دے کر ہی معاملہ ختم کرنا تھا تو پھر ہم نے عمران خان کو وزیراعظم ہی کیوں بنانا تھا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان واحد آدمی ہیں جس نے واضح کیا کہ کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔